دنیا میں سب سے طویل القامت ہونے کا ریکارڈ بنانے والا کتا چل بسا

دنیا بھر میں سب سے لمبے قد کا اعزاز پانے والا کتا تین سال کی عمر میں چل بسا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کتوں کی نایاب نسل ’گریٹ ڈین‘ سے تعلق رکھنے والے نر کتے ’کیوین‘ کو کچھ روز قبل ہی دنیا کا سب سے لمبا کتا ہونے کا تاج پہنایا گیا تھا۔

’نیو یارک پوسٹ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق کیوین کو حال ہی میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے دنیا کا سب سے لمبا کتا قرار دیا گیا تھا۔

بعد ازاں یہ نر کتا بیمار ہو گیا تھا جس کافوراً آپریشن کرنا پڑا، آپریشن کے باوجود کتے کی صحت میں بہتری نہ آئی اور کیوین ہلاک ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گریٹ ڈین نسل سے تعلق رکھنے والے کتے بڑے قد و قامت کے باوجود بہت دوستانہ، وفادار اور نرم مزاج کے مالک ہوتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گریٹ ڈین عام کتوں کی نسبت بہت زیادہ لمبے، بہادر اور طاقتور دکھائی دیتے ہیں مگر در حقیقت یہ بہت حساس اور ڈرپوک ہوتے ہیں جو کہ شور شرابے سے بھی ڈر جاتے ہیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 3 سالہ گریٹ ڈین ’کیوہن‘ کی مالکن ٹریسی وولف اپنے شوہر، دو بچوں، تین پالتو بلیوں، چار کتوں اور متعدد مرغیوں، بکریوں اور گھوڑوں کے ساتھ امریکی ریاست آئیووا کے ایک فارم میں رہائش پذیر ہیں۔

کیوین کی مالکن ٹریسی وولف کا اپنے پالتو کتے کو یاد کرتے ہوئے کہنا ہے کہ کیوین ویکیوم کلینر کے شور سے بھی ڈر جاتا تھا اور پریشان ہو کر گھر میں ادھر اُدھر بھاگنا شروع کر دیتا تھا۔

ٹریسی وولف کے مطابق کیوین کا قد 3 فٹ اور 2 انچ (96,52 سینٹی میٹر) تھا، اس کی معصومیت کا یہ عالم تھا کہ وہ بلی کے بچوں سے بھی ڈر جاتا تھا اور ذرا سی بات پر پریشان ہو جاتا تھا۔

ٹریسی وولف کا کیوین کی بیماری سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمیں اس کے بیمار ہو جانے کا بہت غم ہے، ہم سب گھر والے بہت غمگین ہیں، بدقسمتی سے کیوین کے معدے کی ہنگامی سرجری کروانا پڑ گئی تھی جس کی وجہ سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث وہ چل بسا۔

اپنا تبصرہ لکھیں