دنیا میں ٹرین کے ذریعے کیا جانے والا سب سے مختصر دورانیے کا سفر صرف 1 منٹ کا ہے

دنیا میں ٹرین کے ذریعے کیا جانے والا سب سے مختصر دورانیے کا سفر صرف 1 منٹ کا ہے۔

برطانوی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، امریکی ریاست کیلفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں چلنے والی’دی اینجلز فلائٹ ریلوے‘ نامی ٹرین لائن محض 90 میٹر پر پھیلی ہوئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ ٹرین لائن ایک جھکاؤ والے ٹریک پر 90 میٹر کا راستہ صرف ایک منٹ میں طے کرتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، یہ ٹرین اولیویٹ اور سینائی نامی دو کاروں پر مشتمل ہے، صرف ایک منٹ کے مختصر سفر کے دوران بھی یہ ٹرین شہر کے منظر کا ایک ناقابل یقین منظر پیش کرتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ ٹرین شہر میں دو مختلف جگہوں پر چلتی ہے، ہل سٹریٹ اور اولیو سٹریٹ کو جوڑنے والے اس ریلوے ٹریک کی اصل جگہ تھرڈ اسٹریٹ ٹنل کے ساتھ ہے جو 1901ء سے 1969ء تک کام کرتی رہی لیکن جب اس جگہ پر دوبارہ ترقیاتی کام ہوا تو یہ ٹریک عارضی طور پر بند ہو گیا تھا۔

بعد ازاں، 1996ء میں اس ریلوے ٹریک کو اس کے اصل مقام سے جنوب کی طرف کھولا گیا جہاں یہ ٹریک ہل اسٹریٹ اور کیلیفورنیا پلازہ کو آپس میں ملاتا ہے۔

1996ء میں دوبارہ کھولے جانے کے بعد بھی اس ٹریک کو کئی بار بند کیا گیا، ایک بار اسے 2001ء میں ایک مہلک حادثے کے بعد بند کیا گیا اور پھر 2010ء تک دوبارہ نہیں کھولا گیا۔

پھر 2013ء میں ایک معمولی حادثے کے بعد بھی بند کیا گیا جس کے بعد اسے دوبارہ 2017ء میں کھولا گیا اور اب یہ ریلوے ٹریک شہر میں سیاحوں کے لیے سب سے زیادہ پرکشش مقامات میں سے ایک ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں