لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ سری لنکا کیلئے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان جلد متوقع ہے، اس حوالے سے سلیکشن کمیٹی کے درمیان مشاورتی عمل جاری ہے۔ذرائع کے مطابق آل راؤنڈر شاداب خان کو سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل کیا جائے گا، جبکہ فاسٹ بولر حارث رؤف کے نام پر بھی غور کیا جا رہا ہے جو جنوبی افریقہ اور ٹرائی سیریز کے اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نوجوان کرکٹر معاذ صداقت کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں موقع دیے جانے کا امکان ہے جبکہ فاسٹ بولر احمد دانیال کی شمولیت بھی زیر غور ہے، تاہم چند کرکٹرز بگ بیش لیگ میں اپنی شرکت جاری رکھیں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تین میچز 7، 9 اور 11 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے ابتدائی اسکواڈ جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 جنوری ہے، جبکہ آئی سی سی قوانین کے تحت ایونٹ کے آغاز سے ایک ہفتہ قبل تک ٹیم میں تبدیلی کی اجازت ہوگی۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔

