دورہ پاکستان منسوخی کے بعد افغان کرکٹ بورڈ کا بھارت جانے کا فیصلہ

کابل/نئی دہلی (سپورٹس ڈیسک)افغان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کا مجوزہ انڈر 19 دورہ منسوخ ہونے کے بعد اپنی ٹیم کو بھارت بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔بورڈ کے مطابق افغان انڈر 19 ٹیم 17 نومبر سے بھارت کا دورہ کریگی، جہاں وہ بھارتی انڈر 19 اے اور انڈر 19 بی ٹیموں کیخلاف سات میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

افغان کرکٹ بورڈ (ACB) نے اپنے سرکاری اعلامیے میں بتایا کہ ٹیم کا یہ دورہ 17 نومبر سے شروع ہو گا اور تمام میچز بھارت کے مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔سیریز میں چار ون ڈے اور تین چار روزہ میچز شامل ہیں، جن میں دونوں ممالک کے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جائیگا۔

افغان بورڈ کے مطابق یہ دورہ “نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا بہترین موقع فراہم کریگااور ان کی کارکردگی کو مضبوط بنیاد ملے گی۔”

اس سے قبل افغان انڈر 19 ٹیم نے نومبر میں پاکستان آنے کا شیڈول طے کیا تھا تاہم دورہ پاکستان نامعلوم وجوہات کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔افغان کرکٹ بورڈ نے بعد ازاں بھارت کے کرکٹ بورڈ (BCCI) سے رابطہ کیا، جس نے اپنی دونوں جونیئر ٹیموں کے ساتھ سیریز کھیلنے کی پیشکش قبول کر لی۔

“افغان کرکٹ بورڈ کا بیان”
بیان میں کہا گیا ہے کہ”افغان انڈر 19 ٹیم کیلئے بھارت کا دورہ نہ صرف کھیل کے معیار کو بہتر بنانے کا موقع ہے بلکہ یہ علاقائی سطح پر تعلقات کے فروغ کا بھی ذریعہ بنے گا۔”

واضح رہے کہ افغانستان کی جونیئر ٹیم نے حالیہ برسوں میں ایشیائی سطح پر شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور بھارت کیخلاف یہ سیریز آئندہ سال ہونیوالے انڈر 19 ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلئے اہم تصور کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں