لاہور (اسپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا میں ہونے والی ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز کیلئےپاکستان شاہینز کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔ آل راؤنڈر عرفان خان نیاز ٹیم کی قیادت کریں گے، اسکواڈ میں نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ آسٹریلیا کیلئے پاکستان شاہینز کے اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسکواڈ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا، جس کی قیادت آل راؤنڈر عرفان خان نیاز کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ٹیم میں شامل دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں ٹاپ آرڈر بلے باز عبدالصمد، احمد دانیال، فیصل اکرم اور حیدر علی شامل ہیں۔ بیٹنگ آل راؤنڈر معاذ صداقت، اسپنر مہران ممتاز، ٹاپ آرڈر بلے باز خواجہ نافع اور وکٹ کیپر محمد غازی غوری کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں مبصر خان، سعد مسعود، محمد سلمان مرزا، شاہد عزیز، عبید شاہ اور یاسر خان شامل ہیں، جو مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز میں پاکستان شاہینز کے علاوہ نیپال اور بنگلہ دیش اے کی ٹیمیں بھی حصہ لیں گی۔ پاکستان شاہینز 14 اگست کو اپنا پہلا میچ بنگلہ دیش اے کے خلاف کھیلے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 11 جون کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے دورےکیلئے پاکستان شاہینز کے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، جس کی قیادت مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کر رہے ہیں۔ پاکستان شاہینز انگلینڈ کا دورہ 17 جولائی سے 6 اگست تک کرے گی، جہاں وہ دو تین روزہ اور تین ون ڈے میچز کھیلے گی۔
پی سی بی حکام کے مطابق پاکستان شاہینز کو بین الاقوامی سطح کے تجربات فراہم کرنے کیلئے ان دو اہم دوروں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، تاکہ مستقبل کے اسٹار کھلاڑی تیار کیے جا سکیں۔

