دورۂ انگلینڈ کیلئے پاکستان شاہینز کے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان

لاہور (اسپورٹس رپورٹر + پی سی بی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان شاہینز کے آئندہ دورۂ انگلینڈ کیلئے18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔ ٹیسٹ بیٹر سعود شکیل کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے، جبکہ سابق ٹیسٹ کرکٹر عمران فرحت ہیڈ کوچ ہوں گے۔

پاکستان شاہینز کی ٹیم 17 جولائی سے 6 اگست 2025 تک انگلینڈ کے دورے پر روانہ ہوگی، جہاں ٹیم دو تین روزہ اور تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ پی سی بی کے مطابق اس دورے کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو غیر ملکی کنڈیشنز میں کھیلنے کا تجربہ فراہم کرنا ہے۔

اعلان کردہ 18 رکنی اسکواڈ میں 25 سال سے کم عمر کے 11 باصلاحیت کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں، جو مستقبل میں قومی ٹیم کا اثاثہ بن سکتے ہیں۔ٹیم کی قیادت ٹیسٹ بیٹر سعود شکیل کے سپرد کی گئی ہے، جو قومی ٹیم میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر سنیئر کھلاڑی کا درجہ رکھتے ہیں۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سابق اوپننگ بیٹر عمران فرحت نبھائیں گے۔

اعلان کردہ اسکواڈ میں سعود شکیل (کپتان)،علی زریاب،اذان اویس،فیصل اکرم،حیدر علی،معاذ صداقت،مہران ممتاز،میر حمزہ،محمد سلمان،مبصر خان،موسیٰ خان،مشتاق احمد،عمیر بن یوسف،روحیل نذیر (وکٹ کیپر)،ساجد خان،شاہد عزیز،شامل حسین اورعبید شاہ شامل ہیں.

پی سی بی حکام کے مطابق اس دورے میں کھلاڑیوں کی تکنیکی، فزیکل اور ذہنی صلاحیتوں کو پرکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، تاکہ مستقبل میں قومی ٹیم کیلئےبہترین متبادل کھلاڑی میسر آ سکیں۔پاکستان شاہینز کا یہ دورہ انگلش کنڈیشنز میں نوجوان کھلاڑیوں کیلئےایک سنہری موقع ہوگا، جس سے انہیں عالمی معیار کی ٹیموں کے خلاف تجربہ حاصل ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں