دوسرا ون ڈے:ڈی کاک کی سنچری، جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا

فیصل آباد (سپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقی اوپنر کوئنٹن ڈی کاک کی شاندار اور ناقابلِ شکست سنچری کی بدولت مہمان ٹیم نے پاکستان کو دوسرے ایک روزہ میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کا 270 رنز کا ہدف محض 41ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ڈی کاک اور ٹونی ڈی زور زی کے درمیان 153 رنز کی شاندار شراکت نے پاکستانی باؤلرز کو بے بس کر دیا۔

ڈی کاک نے 119 گیندوں پر 123 ناقابلِ شکست رنز بنائے جن میں 8 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ان کے ساتھی ٹونی ڈی زور زی نے 76 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جب کہ اوپنر لہوان ڈری پریٹوریئس 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔پاکستان کی جانب سے صرف فہیم اشرف اور محمد وسیم جونیئر ایک، ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔سلمان علی آغا نے 69، محمد نواز نے 59 اور صائم ایوب نے 53 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔

ابتدائی تین وکٹیں 22 رنز پر گرنے کے بعد صائم ایوب اور آغا سلمان نے 91 رنز کی پارٹنرشپ سے ٹیم کو سہارا دیا۔بعد ازاں محمد نواز نے درمیانی اوورز میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور مستحکم کیا۔

فخر زمان 0،بابر اعظم 11،محمد رضوان 4،حسین طلعت 10،فہیم اشرف 28،شاہین شاہ آفریدی 1،محمد وسیم جونیئر 12اورنسیم شاہ 6رنزہی بناسکے.

جنوبی افریقہ کی باؤلنگ میں ناندرے برگر نے 46 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، نقابا یمزی نے 3 جبکہ کوربن بوش نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں. حسن نواز اور ابرار احمد کی جگہ فہیم اشرف اور محمد وسیم جونیئر کو شامل کیا گیا۔
سیریز کا فیصلہ کن اور تیسرا ون ڈے 8 نومبر کو فیصل آباد میں ہی کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں