دوسرا ون ڈے: جنوبی افریقہ نے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

رائے پور (اسپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقہ نے دوسرے ون ڈے میچ میں بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز کو ایک، ایک سے برابر کر دیا۔

رائے پور میں کھیلے گئے میچ میں پروٹیز نے بھارت کی جانب سے مقرر کیے گئے 358 رنز کے ہدف کو 6 وکٹوں کے نقصان پر 4 گیندیں قبل حاصل کر لیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ایڈن مارکرم نے شاندار 110 رنز کی اننگز کھیل کر فتح میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ میتھیو بریٹز نے 68 اور ڈیوالڈ برویس نے 54 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں حصہ ڈالا۔ کپتان ٹمبا باووما 46 رنز کے ساتھ پویلین لوٹے۔

بھارت کی جانب سے پریساد کرشنا اور ارشدیپ سنگھ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہرشیت رانا نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویرات کوہلی اور رتوراج گایئکواڈ کی سنچریوں کی بدولت 358 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا، کپتان کے ایل راہول نے 66 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو یانس نے 2 اور لنگی نگیڈی و نیدرے برجر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ بھارت نے پہلے میچ میں ویرات کوہلی کی 52ویں ایک روزہ سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو 17 رنز سے شکست دی تھی۔