دوسرا ون ڈے: پاکستانی باولرز اور بلے بازوں کی شاندار پرفارمنس، آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست

ایڈیلیڈ :پاکستان نے ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے ون ڈے میچ میں فتح حاصل کر کے تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی، فیصلہ کن میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستانی بولرز کے بعد بیٹرز نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 164 رنز کا ہدف با آسانی ایک وکٹ کے نقصان پر 26.3 اوورز میں حاصل کر کے سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔ یہ پاکستان کی آسٹریلوی سر زمین پر ون ڈے میچ میں سات سال بعد فتح ہے۔

پاکستانی اوپنرز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے 164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو سنچری پارٹنر شپ فراہم کرتے ہوئے 137 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ اس دوران دونوں اوپنرز نے نصف سنچریاں مکمل کیں۔صائم ایوب نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 71 رنز پر 82 رنز کی اننگ کھیلی۔ ان کی اس شاندار اننگ میں 6 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ انہیں زمپا نے اس وقت آؤٹ کیا جب پاکستان جیت سے صرف 27 رنز کی دوری پر تھا۔

دوسرے اینڈ پر عبداللہ شفیق بھی آسٹریلوی بولرز کے سامنے ڈٹ کر کھڑے رہے اور 69 گیندوں پر 64 رنز کی نا قابل شکست اننگ کھیل کر میدان سے باہر آئے۔ بابر اعظم 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔اس سے قبل آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 35 اوورز تک ہی پاکستانی بولرز کے سامنے ٹک سکی اور 163 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

حارث رؤف نے آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن میں تباہی مچائی اور میچ میں 5 وکٹیں حاصل کر کے اپنے کیریئر میں دوسری بار یہ کارنامہ انجام دیا، جب کہ کپتان محمد رضوان نے وکٹوں کے پیچھے 6 کیچز لے کر ایک میچ میں کیچز کا عالمی ریکارڈ برابر کیا، اگر وہ زمپا کا کیچ ڈراپ نہ کرتے تو کرکٹ کی تاریخ کا نیا ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیتے۔

کینگروز کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور اسٹیو اسمتھ نے 35 رنز بنایا۔ ان کے علاوہ کوئی دوسرا بلے باز 20 کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکا۔میتھیو شارٹ (19)، جوش انگلس اور ایڈم زمپا (18، 18)، میکسویل (16) رنز کی مختصر اننگز ہی کھیل سکے۔

پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر حارث رؤف رہے جنہوں نے 8 اوورز میں 29 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے 26 رنز کے عوض 3 وکٹوں کا سودا کیا۔ نسیم شاہ اور حسنین کے ہاتھ ایک، ایک وکٹ آئی۔ حارث رؤف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔آج کے میچ کیلئےپاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی جب کہ آسٹریلیا نے ایک تبدیلی کرتے ہوئے شان ایبٹ کی جگہ جوش ہیزل ووڈ کو شامل کیا تھا۔

اس جیت کے ساتھ ہی تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہوگئی ہے۔ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ اتوار 10 نومبر کو پرتھ میں کھیلا جائیگا جو پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہوگا۔واضح رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کی سر زمین پر پہلی اور آخری بار ون ڈے سیریز 2002 میں وقار یونس کی قیادت میں جیتی تھی اور محمد رضوان کے پاس اگلا میچ جیت کر بطور کپتان اپنی پہلی ہی سیریز آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف جیت کر تاریخ میں نام درج کرانے کا بہترین موقع ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں