ملتان میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد صائم ایوب اور کامران غلام نے ذمے دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔پاکستان کا اسکور 168 رنز پر پہنچا تو صائم ایوب 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد بیٹنگ کے لیے نائب کپتان سعود شکیل آئے، وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں ٹک سکے اور 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی پہلی وکٹ 15 رنز پر گری تھی، جب عبداللّٰہ شفیق 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے، اس کے بعد کپتان شان مسعود بیٹنگ کرنے آئے لیکن وہ بھی بڑا اسکور نہ کر سکے اور 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
قومی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنا لیے، کامران غلام 97 اور محمد رضوان 12 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔انگلینڈ کی جانب سے 2 وکٹیں جیک لیچ نے، میٹ پوٹس اور برائیڈن کارس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹیسٹ میں جیت کیلئے 20 وکٹیں لینی ہوتی ہیں: شان مسعود
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے کھیلنا اعزاز ہے، ہم سب بہت زیادہ پُرجوش ہیں، ہمارے پاس اچھے اسپنرز ہیں۔شان مسعود کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میں جیت کے لیے 20 وکٹیں لینی ہوتی ہیں۔
ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے: بین اسٹوکس
انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے، پہلے ٹیسٹ میں اچھی کامیابی ملی۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں 3 سیمرز اور اسپنرز موجود ہیں۔
پاکستان پلیئنگ الیون
صائم ایوب، عبداللّٰہ شفیق، شان مسعود، کامران غلام، سعود شکیل اور محمد رضوان ٹیم میں شامل ہیں۔ان کے علاوہ سلمان علی آغا، عامر جمال، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
انگلینڈ پلیئنگ الیون
انگلینڈ کی ٹیم میں زیک کرالی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس، جیمی اسمتھ، برائیڈن کارس، میٹ پوٹس، جیک لیچ اور شعیب بشیر شامل ہیں۔