دہلی: خاندانی جھگڑے پر قتل، مقتول کو 69 گولیاں مار دی گئیں

نئی دہلی (بھارتی میڈیا) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں خاندانی دشمنی کے نتیجے میں 52 سالہ رتن لوہیا کو گھات لگا کر اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، مقتول کے جسم سے مجموعی طور پر 69 گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق واقعہ گزشتہ ماہ پیش آیا جب رتن لوہیا صبح سویرے اپنے گھر سے کام کے سلسلے میں نکلا، اسی دوران تین حملہ آور ایک کار میں اس کے گھر کے قریب پہنچے اور اسے گھیر کر فائرنگ کی۔ کار کی نمبر پلیٹ معلوم نہیں ہو سکی۔

مقتول کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ یہ قتل ان کے رشتے دار رامبیر لوہیا نے اپنے بیٹے ارون کی موت کا بدلہ لینے کیلئے کروایا۔ ارون کے قتل کے معاملے میں رتن لوہیا کے بڑے بیٹے دیپک کو گرفتار کیا گیا تھا۔

مقتول کی بیٹی کا کہنا ہے کہ رامبیر اور اس کے رشتے دار کافی عرصے سے دھمکیاں دے رہے تھے، جبکہ رتن لوہیا کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں تھی۔ مقتول کی بہن کے مطابق یہ خاندانی تنازع نئی نسل کے درمیان جھڑپ سے شروع ہوا جو بعد میں سنگین دشمنی میں بدل گیا۔

پولیس اس قتل کو ’کنٹریکٹ کلنگ‘ کے زاویے سے بھی دیکھ رہی ہے کیونکہ تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ بیرونِ ملک موجود گینگسٹرز کو رتن لوہیا کے قتل کی ذمہ داری دی گئی تھی۔