دیر بالا (اسٹاف رپورٹر) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور دیر پولیس نے فتنہ الخوارج کے خلاف تین روزہ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 9 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔ کارروائی میں مقامی کمانڈر ساجد بھی مارا گیا۔
ڈی پی او دیر بالا سید محمد بلال کی قیادت میں پولیس، البرق کمانڈوز، ایلیٹ فورس، آر آر ایف یونٹ، سی ٹی ڈی، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ڈی ایس بی اسٹاف نے آپریشن میں حصہ لیا۔کارروائیاں تھانہ دیر سٹی کی حدود میں دوبندو، بیکارے، سلام کوٹ، ہاتن درہ اور ملحقہ علاقوں میں مصدقہ اطلاعات پر کی گئیں۔
دہشتگردوں کی موجودگی کی نشاندہی کے بعد جدید ہتھیاروں، اے پی سیز، تھرمل آلات اور ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔پہلے روز 5 دہشتگرد ہلاک اور 2 لاشیں برآمد ہوئیں۔ 3 دن میں 9 دہشتگرد مارے گئے اور 5 لاشیں برآمد کی گئیں۔آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے 2 شہری شہید اور 10 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
ڈی پی او سید محمد بلال نے کہا کہ”یہ جراتمندانہ آپریشن دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دینے کے ساتھ دیرپا امن کے قیام کی جانب اہم سنگِ میل ہے۔ دیر پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہے اور فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔”

