لوئر دیر (نامہ نگار) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے آبائی علاقے میں ان کے گھر پر رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
“واقعہ کی تفصیل”
پولیس کے مطابق یہ واقعہ رات ایک بجکر 45 منٹ پر تحصیل میاڑ (ضلع لوئر دیر) میں پیش آیا، جب مسلح افراد نے نسیم شاہ کے گھر کے مرکزی دروازے پر متعدد فائر کیے۔فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ دروازے پر گولیوں کے کئی نشانات پائے گئے، تاہم گھر کے افراد محفوظ رہے۔
“تحقیقات اور سیکیورٹی”
میاڑ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔حکام کے مطابق قریبی گھروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے، جبکہ نسیم شاہ کے گھر اور اطراف میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
“پولیس کا ابتدائی مؤقف”
ابتدائی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ دہشت گردی کا نہیں بلکہ ممکنہ طور پر زمین کے تنازع یا مقامی دشمنی کا شاخسانہ ہو سکتا ہے۔پولیس ترجمان نے کہا کہ واقعے کے تمام پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے اور جلد حقائق سامنے آئیں گے۔
“ڈی پی او سے ملاقات”
کرکٹر نسیم شاہ کے والد نے ضلعی پولیس افسر تیمور خان سے ملاقات کی۔ڈی پی او نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ واقعے میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
“علاقہ مکینوں کا ردعمل”
مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ کا خاندان ایک معزز اور شریف گھرانہ ہے اور ان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی یا تنازع نہیں۔علاقے کے عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فاسٹ بولر کے خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

