دیپیکا پڈوکون کو بیٹی کی پیدائش کے بعد اسپتال سے چھٹی مل گئی

بالی ووڈ کی معروف فنکار جوڑی اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور اداکار رنویر سنگھ اپنی ننھی پری کو گھر لے آئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ دیپیکا پڈوکون کو بیٹی کی پیدائش کے بعد آج اسپتال سے چھٹی مل گئی ہے، اسپتال سے گھر واپس آتے ہوئے بھارتی فوٹوگرافرز (پاپارازی) نے نئے والدین اور ان کی ننھی شہزادی کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لیا۔دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی بیٹی کے ہمراہ پہلی تصویر سامنے آگئی ہے۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم پر اداکارہ نے ماں بننے کے بعد اپنا نیا روٹین بھی شیئر کر دیا۔

انسٹاگرام کے بائیو میں اداکارہ نے اپنا نیا روٹین شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’فیڈ، بُرپ، سلیپ، رپیڈ‘ یعنی ’دودھ پیلانا، ڈکار دلانا، سُلانا اور دہرانا‘۔خیال رہے کہ رواں ماہ کی 8 تاریخ کو اس جوڑی کے ہاں پہلی اولاد کی پیدائش ہوئی، جس کی تصدیق انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام کے ذریعے کی تھی۔

اب ایک ہفتے اسپتال میں رہنے کے بعد آج اداکارہ کو ڈسچارج کردیا گیا ہے جس کے بعد وہ شوہر اور بیٹی کے ساتھ گھر پہنچی ہیں جس کی کئی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔ان تصویروں اور ویڈیوز میں دیپیکا، رنویر اور ان کی ننھی پری کی جھلک دیکھی جا سکتی ہے۔

سامنے آنے والی تصاویر اگرچہ گاڑی کے اندر کی ہیں لیکن اس میں دکھائی دے رہا ہے کہ دیپیکا کی گود میں ان کی بیٹی ہے جسے رنویر بھی دیکھ رہے ہیں۔ایک ویڈیو میں مختلف گاڑیاں اسپتال سے نکلتی نظر آرہی ہیں جو کہ جوڑے کی ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ کی فیملی بھی رنویر اور دیپیکا کے گھر نومولود کے استقبال کے لیے پہنچی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں