اسلام آباد(نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ ذاتی ڈاکٹرز کی عدم موجودگی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کوئی علاج شروع نہ کیا جائے۔ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ خاندان اور ذاتی معالجین کو اعتماد میں لیے بغیر بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی قبول نہیں کی جائے گی، طبی معائنہ خاندان کے کم از کم ایک فرد کی موجودگی میں کیا جائے۔
پی ٹی آئی نے بانی عمران خان کی صحت سے متعلق رازداری کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی خفیہ یا یکطرفہ اقدام کے نتائج کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔ترجمان نے سپریم کورٹ کے تحریری احکامات میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری علاج یقینی بنایا جائے، علاج میں تاخیر غیر انسانی اور افسوسناک ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق فضل چوہدری کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو بیٹوں سے بات کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور صحت کے پیش نظر اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انسانی ہمدردی اور قانونی تقاضوں کو مقدم رکھتی ہے اور ہر قیدی کو قانون کے مطابق سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

