رانی مکھرجی سے ایشوریا رائے کی دوستی سلمان کی وجہ سے ٹوٹی

بالی ووڈ کی معروف اداکاراؤں رانی مکھرجی اور ایشوریا رائے بچن کی گہری دوستی ٹوٹنے کی وجہ سامنے آ گئی۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق رانی مکھرجی اور ایشوریا رائے کے درمیان بہت اچھی دوستی تھی جو سلمان خان کے غصے کی وجہ سے ختم ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شاہ رخ خان کی 2003ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’چلتے چلتے‘ میں رانی مکھرجی سے پہلے ایشوریا رائے کو کاسٹ کیا گیا تھا لیکن سلمان خان جو اس وقت ایشوریا رائے کے بوائے فرینڈ تھے، اُنہوں نے اس فلم کے سیٹ پر آ کر ہنگامہ کر دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق سلمان خان کے فلم ’چلتے چلتے‘ کے سیٹ پر ہنگامہ کرنے کے بعد فلم کے پروڈویوسر اور شاہ رخ خان نے ایشوریا رائے کی جگہ رانی مکھرجی کو کاسٹ کر لیا تھا، جب ایشوریا رائے کو یہ معلوم ہوا تھا تو اُنہیں لگا کہ رانی مکھرجی نے اُنہیں دھوکا دیا ہے جس کے بعد دونوں اداکاراؤں کی دوستی ٹوٹ گئی۔

فلم ساز کرن جوہر کے شو ’کافی وِد کرن‘ میں رانی مکھرجی نے ایشوریا رائے سے دوستی ٹوٹنے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ مجھے ایشوریا سے کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن شاید اُنہیں مجھ سے کوئی مسئلہ ہے کیونکہ اُنہوں نے خود مجھ سے فون پر بات کرنا چھوڑ دی ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ فی الحال میری ایشوریا رائے سے کسی تقریب میں بھی کوئی ملاقات نہیں ہوئی لیکن مجھے لگتا ہے کہ اگر کبھی ہمارا آمنا سامنا ہوا تو ہمارے درمیان سب ٹھیک ہو جائے گا اور ہم ایک دوسرے سے بہت خوش گوار انداز میں بات کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں