راولپنڈی:شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی کے بینک اکاؤنٹس بحال

راولپنڈی(بیورورپورٹ)انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے پیر کے روز شوکت خانم میموریل ٹرسٹ اور نمل یونیورسٹی کے بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دے دیا۔جج امجد حسین شاہ نے یہ فیصلہ گزشتہ سال 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیس میں جاری کیا، جس میں قید پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان ملوث ہیں۔

اطلاعات کے مطابق، دونوں اداروں کے بینک اکاؤنٹس علیمہ خان کے خلاف جاری گرفتاری وارنٹ کے بعد غلطی سے منجمد کیے گئے تھے۔ عدالت نے 24 اکتوبر کی سماعت میں علیمہ خان کا قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کے ساتھ تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔

آج کی سماعت میں جج امجد شاہ نے علیمہ خان کی درخواست پر دلائل سنے اور ایس کے ایم ٹی کے نمائندے بھی پیش ہوئے جنہوں نے بینک اکاؤنٹس کی بحالی کے حق میں دلائل دیے۔

پراسیکیوشن کے وکیل ظہیر شاہ نے وضاحت کی کہ استغاثہ نے کبھی بھی ایس کے ایم ٹی یا نمل یونیورسٹی کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کی درخواست نہیں کی، اور عدالت کی جانب سے بھی بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا کوئی مخصوص حکم جاری نہیں کیا گیا تھا۔