راولپنڈی (نامہ نگار) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پہلے بھی واضح کر چکے ہیں کہ ہم بانیٔ پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر سیاست نہیں کر رہے۔وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ، سلمان اکرم راجہ اور بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اڈیالہ جیل پہنچے ہوئے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ان کا مطالبہ تھا کہ بانی کے ذاتی یا فیملی معالج کو رسائی دی جائے اور انہیں اسپتال منتقل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طبی معائنے میں بھی اس لیے شریک نہیں ہوئے تاکہ بانی کو اسپتال منتقل کیا جا سکے۔
بیرسٹر گوہر نے درخواست کی کہ ان کی ملاقات کا بندوبست کیا جائے تاکہ وہ بانی سے ملاقات کر سکیں، انہوں نے کہا کہ ملاقاتوں پر پابندی نے مسئلے کو پیچیدہ کر دیا ہے اور انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان، سلمان اکرم راجہ اور فیملی کی ملاقات ممکن بنائی جائے۔واضح رہے کہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اس سے قبل کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کے معاملے پر پروپیگنڈا کیا گیا اور اس پر بھرپور سیاست کی گئی، جبکہ علیمہ خان بانی کی بیماری کو کیش کرانا چاہتی ہیں۔

