آئی ایس پی آر کے مطابق شاہ عبداللہ دوم کو جدید دفاعی ٹیکنالوجی پر بریفنگ
آرمی چیف کو آرڈر آف ملٹری میرٹ فرسٹ ڈگری ایوارڈ بھی پیش کیا گیا
راولپنڈی (آئی ایس پی آر)اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم نے راولپنڈی میں گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز (جی آئی ڈی ایس) کا تفصیلی دورہ کیا اور پاک فوج کی فائر اینڈ منور ایکسرسائز کا معائنہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شاہ عبداللہ دوم کو پاکستانی دفاعی صنعت، جدید ٹیکنالوجی اور مختلف عسکری منصوبوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔
جی آئی ڈی ایس پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شاہ عبداللہ دوم کا استقبال کیا اور انہیں پاکستان کے دفاعی تیار کردہ جدید نظام، ٹیکنالوجیز اور صنعتی اہداف سے آگاہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شاہ عبداللہ دوم نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینج کا بھی دورہ کیا جہاں وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے وزیرِ دفاعی صنعت بھی موجود تھے۔
مشترکہ فائر اینڈ منور مشق میں روایتی اسلحے، فضائی فائر پاور اور جدید ڈرون ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کیا گیا۔ شاہ عبداللہ دوم نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، تربیت اور جدید جنگی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شاہ عبداللہ دوم کی آمد پاکستان اور اردن کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون کی مضبوطی کا واضح ثبوت ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے دفاعی شراکت داری مزید بڑھانے اور جدید عسکری تعاون کے نئے شعبوں میں پیشرفت پر اتفاق کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شاہ عبداللہ دوم نے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو آرڈر آف ملٹری میرٹ فرسٹ ڈگری کا اعزاز بھی پیش کیا، جو پاکستان اور اردن کے دیرینہ دفاعی تعلقات کی علامت قرار دیا گیا۔

