راولپنڈی: 9 مئی مقدمات میں پی ٹی آئی کے 14 رہنماؤں کے اشتہار جاری

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی نے 9 مئی کے 10 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 14 رہنماؤں کے اشتہار جاری کر دیے۔عدالتی حکم کے مطابق عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل، کنول شوزب، شیخ راشد شفیق، عظیم اللہ خان، رائے محمد مرتضیٰ، رائے حسن نواز، محمد احمد چٹھہ اور محمد جاوید سمیت دیگر رہنماؤں کے اشتہار جاری کیے گئے ہیں۔

خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے یہ اشتہار ملزمان کی گرفتاری کے وارنٹ کی تعمیل نہ ہونے اور مسلسل غیر حاضری پر جاری کیے۔ اشتہار مختلف تھانوں کے مقدمات میں جاری کیے گئے جن میں نیوٹاؤن، صادق آباد، سٹی، وارث خان، سول لائنز، مورگاہ، ٹیکسلا، صدر واہ کینٹ اور آر اے بازار شامل ہیں۔ عدالت نے اس حوالے سے 18 اکتوبر تک رپورٹ طلب کر لی۔

اس سے قبل ان رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جا چکے ہیں اور عدالتی اشتہار پر رپورٹ جمع ہونے کے بعد مفرور قرار دینے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔

یاد رہے کہ 21 دسمبر 2024 کو فوجی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے کیس میں ملوث 25 مجرمان کو 10 سال تک قید کی سزا سنائی تھی جب کہ 26 دسمبر 2024 کو مزید 60 مجرمان بشمول عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کو 10 سال تک قید بامشقت کی سزائیں دی گئی تھیں۔ بعد ازاں رواں سال 2 جنوری کو کورٹس آف اپیل نے 19 مجرمان کی سزاؤں میں معافی کا اعلان کیا تھا۔

9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک گیر احتجاج کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات پر حملے کیے گئے تھے۔ لاہور میں جناح ہاؤس (کور کمانڈر ہاؤس) اور مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو آگ لگا دی گئی تھی جبکہ راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا ایک گیٹ توڑ دیا گیا تھا۔ ان واقعات میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔ اس کے بعد ملک بھر میں 1900 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا اور پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں