رحیم یار خان(نامہ نگار)پاکستان کے ممتاز سینئر اداکار راشد محمود پر پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں مشتعل افراد نے تشدد کیا اور ان سے قیمتی سامان سمیت شناختی دستاویزات چھین لیں۔ یہ افسوسناک واقعہ شیخ خلیفہ برج کے مقام پر پیش آیا، جس نے فنکار برادری اور شہری حلقوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔
میڈیا کے مطابق، راشد محمود نے راجن پور سے جاری کردہ ایک ویڈیو بیان میں واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ کو لینے کیلئےسفر کر رہے تھے اور راستہ بھٹکنے کے باعث شیخ خلیفہ برج کے علاقے میں داخل ہو گئے۔ اس دوران ان کی گاڑی سے ایک موٹرسائیکل ٹکرا گئی جس کے بعد مقامی افراد مشتعل ہوگئے اور انہوں نے راشد محمود پر تشدد کیا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ موٹرسائیکل خود ان کی گاڑی سے تیز رفتاری کے باعث ٹکرائی تھی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار افراد زمین پر گرے تاہم کسی کو شدید چوٹ نہیں آئی۔ حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے بغیر تحقیق کے ان پر حملہ کر دیا۔
راشد محمود کے مطابق”انہوں نے نہ صرف مجھے مارا بلکہ قیمتی اشیاء، موبائل فون اور شناختی کارڈ بھی چھین لیا۔ کچھ افراد مجھے زبردستی اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کر رہے تھےمگر ایک مقامی شخص نے مداخلت کرکے میری جان بچائی اور پولیس کو اطلاع دی۔”
اداکار نے اس شبہے کا اظہار بھی کیا کہ حملہ آور افراد “کچے کے ڈاکوؤں” سے مشابہت رکھتے تھے اور واقعے میں مکمل طور پر انہی کی کوتاہی کے باوجود انہیں زبردستی نشانہ بنایا گیا۔
فنکار برادری اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس واقعے پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ متعدد معروف شخصیات نے نہ صرف اس حملے کی شدید مذمت کی ہے بلکہ مقامی پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
اداکار راشد محمود نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ انہیں ان کی شناختی دستاویزات اور دیگر چھینا گیا سامان واپس دلوایا جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک کیلئے اقدامات کیے جائیں۔پولیس کی جانب سے واقعے کی تصدیق کے بعدتحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاہم تاحال کسی گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

