رسل ڈومینگو ایچ پی ایس ایل 10 کیلئے لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ مقرر

لاہور قلندرز کو یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ معروف جنوبی افریقی کوچ رسل ڈومینگو کو ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 10 کیلئے ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ وہ ڈیرن گف کی جگہ لیں گے جنہوں نے ناگزیر ذاتی وجوہات کی بنا پر دستیابی سے معذرت کر لی تھی۔رسل ڈومینگو ایک انتہائی تجربہ کار کوچ ہیں جو اس سے قبل جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کی قومی کرکٹ ٹیموں کے ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

وہ اپنی شاندار حکمت عملی اور نوجوان کھلاڑیوں کو نکھارنے کی صلاحیت کیلئےجانے جاتے ہیں۔ ان کی تقرری لاہور قلندرز کے ویژن سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے جو ایک مضبوط اور مسابقتی سکواڈ بنانے پر مرکوز ہے۔

رسل ڈومینگو نے کہا کہ میں لاہور قلندرز کے ساتھ 2025 کے پی ایس ایل سیزن کا حصہ بننے پر بے حد پرجوش ہوں۔ میں جلد از جلد کام شروع کرنے، کھلاڑیوں اور مینجمنٹ سے ملنے اور ایک شاندار سیزن کیلئےتیاریوں کا آغاز کرنے کا منتظر ہوں۔ ہمیں اپنے پرجوش مداحوں کی بھرپور سپورٹ حاصل ہوگی اور میں سب کے فخر کیلئے پوری محنت کروں گا۔ لاہور قلندرز کے سی او او، ثمین رانا کا کہنا تھاہمیں خوشی ہے کہ رسل ڈومینگو پی ایس ایل 10 کیلئےہمارے ہیڈ کوچ کے طور پر قلندرز فیملی میں شامل ہو رہے ہیں۔

ان کا بین الاقوامی سطح پر وسیع تجربہ، حکمت عملی کی مہارت اور کھلاڑیوں کو نکھارنے کی صلاحیت انہیں لاہور قلندرز کیلئے ایک قیمتی اثاثہ بناتی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ان کی قیادت ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرے گی اور ہم ان کے ساتھ ایک شاندار سیزن کے منتظر ہیں۔

”ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی سب سے مقبول فرنچائزلاہور قلندرز، اپنا سفر 11 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ایک اہم میچ سے شروع کرے گی۔ 2022 اور 2023 میں مسلسل دو ٹائٹل جیتنے کے بعد قلندرز اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے تیسری تاریخی کامیابی کیلئےمیدان میں اتریں گے۔شاہین شاہ آفریدی کی قیادت، متوازن سکواڈ، اور پرجوش مداحوں کی حمایت کے ساتھ، قلندرز اپنی مہم کا کامیاب آغاز کرنے کیلئےپرعزم ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں