رنگ، نسل اور مذہب کی بنیاد پر تفریق کا خاتمہ کرنا ہوگا: بلاول بھٹو

واشنگٹن(نمائندہ خصوصی)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ رنگ، نسل اور مذہب کی بنیاد پر تفریق کا خاتمہ ناگزیر ہے، دنیا میں امن اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے واشنگٹن میں ینگ لیڈرز کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کے دوران کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کے خاندان نے جمہوریت کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، جبکہ نوجوان نسل کو دنیا میں مثبت تبدیلی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ عدم برداشت کے مقابلے میں مکالمے کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن اور ذمے دار ریاست ہے جو عالمی امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔