داغستان:روس کے علاقے داغستان کےدو شہروں میں نامعلوم مسلح افراد نے عیسائی اور یہودی عبادت گاہوں پر حملہ کرکے دو گرجا گھروں اور یہودی عبادت گاہ کی عمارتوں کو آگ لگا دی۔حکام کے مطابق نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے پولیس چیک پوسٹ پر بھی فائرنگ کی گئی جس سے 9 افراد ہلاک، 13 زخمی ہوگئے۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں گرجا گھر کا پادری نکولائی کوٹیلنیکوف اور 6 پولیس اہلکار جبکہ زخمیوں میں 12 پولیس اہلکار شامل ہیں.روسی میڈیا کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی میں چار حملہ آور بھی مارے گئے۔روس کی تحقیقاتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیوں پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسیوں نے قانون نافذ کرنے والے مقامی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ دو بظاہر مربوط حملوں میں کم از کم ایک درجن پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ فائرنگ کا یہ واقعہ داغستان کے دارالحکومت ماخچکالا اور آذربائیجان کی سرحد پر واقع شہر دربنٹ میں پیش آیا. ڈربینٹ پولیس حکام نے بتایا کہ مسلح افراد نے ایک عبادت گاہ اور ایک چرچ پر فائرنگ کی، جس سے کم از کم ایک پولیس اہلکار ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا۔ روسی آرتھوڈوکس چرچ کے ترجمان ولادیمیر لیگوئیڈا نے کہا کہ اس حملے میں ایک مقامی پادری ہلاک ہو گئے جو 40 سال تک چرچ میں خدمات انجام دے رہے تھے۔داغستان کی وزارت داخلہ کی طرف سے پوسٹ کی گئی ویڈیوز کے مطابق، بندوق بردار شہر میں موجود تھے، فائرنگ کر رہے تھے اور لوگوں کو ان کی گاڑیوں سے زبردستی باہر نکال رہے تھے۔