صوفیہ(سی این این) – یورپی کمیشن کی صدر ارسلا فان ڈیر لائن کو لے جانے والا طیارہ بلغاریہ میں لینڈنگ کی کوشش کے دوران جی پی ایس نیویگیشن جیمنگ کا نشانہ بنا۔
یورپی کمیشن کی نائب ترجمان اریانا پوڈیسٹا کے مطابق”بلغاریہ کے حکام نے ہمیں اطلاع دی کہ یہ مداخلت مبینہ طور پر روس کی جانب سے کی گئی۔”طیارہ محفوظ طریقے سے لینڈ کر گیا۔پائلٹس نے جیمنگ کے باعث کاغذی نقشے استعمال کرتے ہوئے جہاز اتارا۔
یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب صدر فان ڈیر لائن جنوبی بلغاریہ کے پلووڈیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترنے والی تھیں۔دورے کا مقصد مشرقی یورپی ممالک سے یوکرین کے حق میں حمایت حاصل کرنا تھا۔سی این این کے مطابق ارسلا فان ڈیر لائن اور یورپی کمیشن یوکرین کے مضبوط حامی ہیں اور وہ حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے یوکرین سربراہی اجلاس میں بھی شریک ہوئی تھیں۔
اسکینڈینیوین اور بالٹک ریاستوں نے متعدد بار شکایت کی ہے کہ روس اس خطے میں مسلسل جیمنگ کارروائیاں کر رہا ہے۔پولینڈ اور جرمنی کے محققین کی ایک ٹیم نے جون 2024 سے چھ ماہ کے دوران درجنوں مداخلتوں کا جائزہ لے کر نتیجہ اخذ کیا تھا کہ ان کے پیچھے روس ہے۔ماسکو مبینہ طور پر اپنے ’شیڈو فلیٹ‘ جہازوں اور کالینن گراڈ کے علاقے کو اس مقصد کیلئےاستعمال کرتا ہے۔
یورپی یونین ماضی میں بھی روسی اداروں اور شخصیات پر جیمنگ واقعات کے الزامات کے تحت پابندیاں لگا چکی ہے۔ترجمان پوڈیسٹا نے کہا”یہ واقعہ ہمارے اس غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرے گا کہ ہم اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کریں اور یوکرین کی حمایت جاری رکھیں۔”

