واشنگٹن( اے ایف پی، نیٹو ترجمان، اقوام متحدہ)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر روس کی جانب سے کشیدگی میں اضافہ ہوا تو امریکہ پولینڈ اور بالٹک ریاستوں کا دفاع کرے گا۔ یہ بیان ایسٹونیا کی فضائی حدود میں روسی طیاروں کی مبینہ دراندازی کے بعد سامنے آیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر روس یورپی یونین کے رکن ممالک کے خلاف کوئی جارحانہ اقدام کرے گا تو امریکہ ان کا دفاع کرے گا۔
انہوں نے کہا: ’’ہاں، میں کروں گا۔ میں کروں گا۔‘‘
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایسٹونیا نے گزشتہ جمعہ کو روسی فضائیہ کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بعد پیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق روس کے تین MiG-31 طیاروں نے خلیج فن لینڈ کے اوپر ایسٹونیا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جس پر یورپی یونین اور نیٹو نے اسے ایک خطرناک نئی اشتعال انگیزی قرار دیا۔ تاہم ماسکو نے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی طیارے بین الاقوامی فضائی حدود میں تھے۔
نیٹو کے فضائی دفاعی مشن کے تحت تعینات اطالوی ایف-35 طیاروں نے سویڈن اور فن لینڈ کے طیاروں کے ساتھ مل کر روسی طیاروں کو روکنے اور متنبہ کرنے کیلئےپرواز کی۔ امریکی صدر سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں ایسٹونیا کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ہے تو انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ’’ہاں، اور ہمیں یہ پسند نہیں۔‘‘
ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان تقریباً دو ہفتے بعد سامنے آیا ہے جب روس کے 17 ڈرونز نے مبینہ طور پر پولینڈ کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔ اس وقت ٹرمپ نے اس واقعے کو نظرانداز کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’یہ ایک غلطی ہو سکتی ہے۔‘‘

