روس یوکرین جنگ بندی پر اچھی خبر کی توقع ہے:ڈونلڈٹرمپ

واشنگٹن(نمائندہ خصوصی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ یوکرین اور روس کے درمیان جنگ رکوانے کیلئےکام کر رہے ہیں اور روس یوکرین جنگ بندی پر اچھی خبر آنے کی توقع ہے۔وائٹ ہاؤس میں گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے معاملے پر بات چیت جاری ہے اور امریکی بحری بیڑا ایران کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی صنعتوں کے لیے اہم معدنیات کا اسٹریٹجک ذخیرہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے فون پر روس سے تیل کی خریداری روکنے اور امریکا و وینزویلا سے تیل کی خریداری میں اضافے پر اتفاق کیا، جس سے یوکرین میں جاری جنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ ٹرمپ نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے 500 ارب ڈالر سے زائد مالیت کی امریکی توانائی، ٹیکنالوجی اور دیگر اشیاء خریدنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔