رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ سعد رفیق کی طبیعت ناساز، ڈاکٹروں کا آرام کا مشورہ

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کو طبیعت ناساز ہونے کے باعث پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کیا گیا، جہاں انہیں فوری طبی امداد دی گئی۔

ڈاکٹروں کے مطابق خواجہ سعد رفیق کو دل کی دھڑکن میں غیر معمولی تیزی کے بعد اسپتال لایا گیا تھا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی سی پروفیسر بلال محی الدین کے مطابق خواجہ سعد رفیق کی ای سی جی اور دیگر تمام ضروری ٹیسٹ کیے گئے جو تسلی بخش پائے گئے۔ ان کی طبیعت میں بہتری آنے پر انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

پروفیسر بلال نے بتایا کہ خواجہ سعد رفیق کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور اب ان کی حالت بہتر ہے۔ ڈاکٹروں نے انہیں ذہنی سکون، مکمل آرام، اور وقتی طور پر تمام سیاسی و سماجی سرگرمیوں سے اجتناب کا مشورہ دیا ہے۔

خاندان اور پارٹی ذرائع نے عوام سے خواجہ سعد رفیق کی جلد صحتیابی کیلئےدعا کی اپیل کی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں