کولمبو (سپورٹس ڈیسک) افریقی ٹیم زمبابوے نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے میزبان سری لنکا کو بھی شکست دے دی اور سپر ایٹ مرحلے میں ناقابلِ شکست رسائی حاصل کرلی۔
گروپ بی کے اہم میچ میں زمبابوے نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 179 رنز کا ہدف آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ برائن بینیٹ 63 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کپتان سکندر رضا نے 45 اور مارومانی نے 34 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 178 رنز اسکور کیے۔ پاتھم نسانکا نے 66 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جبکہ پاون رتنانائیکے نے 44 رنز بنائے، تاہم میزبان ٹیم اپنے مجموعے کا دفاع نہ کرسکی۔
زمبابوے نے اپنے گروپ میں چار میں سے تین میچز جیتے جبکہ ایک مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا، یوں ٹیم 7 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں سرفہرست رہی۔ زمبابوے اس سے قبل آسٹریلیا اور عمان کو بھی شکست دے چکی ہے اور اب بھارت، ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کی طرح بغیر کسی شکست کے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گئی ہے۔

