زندہ دلان لاہور نے پی ایس ایل ٹین کو چار چاند لگا دئیے

شائقین کھلاڑیوں کا لہو گرمانے سٹیڈیم کا رخ کرنے لگے،

سکیورٹی اداروں کی جانب سے بہترین انتظامات کا کامیابی میں اہم کردار

پی سی بی دس سال مکمل ہونے پر عوام کو ایونٹ سے جوڑنے کیلئے تقریبات کا انعقاد کرے،

آئی سی سی کی طرز پر فین زون قائم کئے جائیں

ایونٹ کا دوسرا مرحلہ آج شروع ہوگا، رضوان بیٹنگ اور حسن علی باؤلنگ میں سرفہرست

 بابر اعظم کی مسلسل ناکامی شائقین کو مایوس کرنے لگی

لاہور:پاکستان سپر لیگ کے مقابلے جیسے ہی کراچی،پنڈی اورملتان کے بعد لاہور پہنچے ایونٹ میں ایک نئی جان پڑ گئی۔ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ہونے والے میچز میں کراؤڈ کی غیر موجودگی کی وجہ سے پی ایس ایل کا رنگ پھیکا پڑنے لگا تھا لیکن جیسے ہی ایونٹ لاہور پہنچا تو زندہ دلان لاہور نے پی ایس ایل سیزن ٹین میں جیسے نئی روح پھونک دی۔

پوری دنیا میں ایسے ہی مشہور نہیں کہ لہور لہور اے اورجنے لہور نیں ویکھیا او جمیا ای نیں۔ پاکستان اور بھارت کے مابین حالیہ کشیدگی کے باوجود لاہوریوں نے جس طرح اس ایونٹ کو پذیرائی بخشی پاکستان کرکٹ بورڈ کو ان کا مشکور ہونا چاہیے جو اپنے بچوں اور فیملیز کے ساتھ کئی کلومیٹر پیدل چلنے کے باوجود سٹیڈیم آتے ہیں، تماشائیوں کیلئے ماضی کی طرح پارکنگ سے سٹیڈیم تک شٹل سروس کا انتظام ہوجائے تو مزہ دوبالا ہوجائے۔ایسے میں لاہور قلندر کی ٹیم پر بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عمدہ کھیل پیش کرکے اہل لاہور کو ایونٹ کے ساتھ جذباتی طور پر بھی جوڑے رکھیں کہیں ایسا نہ ہو کہ ٹیم کی خراب پرفارمنس شائقین کو ایونٹ سے دور کردے۔

لاہور قلندر جیسا ہوم ایڈوانٹیج شاید ہی کسی اور فرنچائز کو ملا ہو جبکہ دیگر ٹیموں کے میچز میں بھی لاہور یوں کی بڑی تعداد کی قذافی سٹیڈیم میں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اپنے ملک اور اس سے جڑی چیزوں سے کس قدر محبت کرتے ہیں ایسے میں بچوں کا جوش و خروش بھی دیدنی ہے جن کی بڑی تعداد کرکٹ کے جنون کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

پی ایس ایل کے دس سال مکمل ہونے کے باوجود پاکستا ن کرکٹ بورڈکی جانب سے ایونٹ کی کامیابیوں کو منانے کے لئے میچز کے علاوہ کوئی خاطر خواہ کاوشیں تاحال سامنے نہیں آسکیں تاہم امید ہے کہ آنے والے دنوں میں پی سی بی بھی آئی سی سی کی طرح مختلف سنٹرز پر فین زون کے قیام سمیت دیگر تقریبات کا انعقاد کرکے عوام کو اس کامیاب ایونٹ سے مزید جوڑنے کیلئے اقدامات کرے گا۔

پی ایس ایل ٹین کی اب تک کی سب سے مایوس کن بات ہوم بوائے بابر اعظم کی مسلسل ناکامیاں ہیں جنہیں مخالف ٹیم کا کھلاڑی ہونے کے باوجود زندہ دلان لاہور کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ بابر اعظم کا شمار پوری دنیا کے پسندیدہ ترین کرکٹرز میں ہوتا ہے لیکن گزشتہ کچھ عرصہ سے وہ آؤٹ آف فارم ہیں، ان کے پاس پی ایس ایل بہترین موقع ہے جس میں عمدہ کارکردگی سے وہ نہ صرف پشاور زلمی کو ایونٹ میں واپس لاسکتے ہیں بلکہ آنے والے انٹرنیشنل سیزن کیلئے بھی خود کو تیار کرسکتے ہیں۔

ایونٹ کی کامیابی میں مشکل ترین حالات کے باوجودقانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً رینجرز کے اہلکاروں کی جانب سے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کا اہم کردار ہے۔ پی ایس ایل ٹین اپنا آدھا سفر کامیابی سے مکمل کرچکی ہے جبکہ باقی ماندہ سفر کا آغاز آج کوئٹہ او رملتان کے مابین قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے میچ سے ہورہا ہے جس کا کریڈٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اور پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر سمیت ان کی پوری ٹیم کو جاتا ہے جو دن رات ایونٹ کی کامیابی کیلئے کوشاں ہیں اس کے علاوہ تمام فرنچائز بھی پوری محنت اور لگن سے ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے مصروف عمل ہیں۔

ایونٹ میں اب تک کھیلے گئے میچز میں اسلام آباد کا پلڑا بھاری رہا ہے جس نے ناقابل شکست رہتے ہوئے تمام پانچ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ لاہور قلندر، کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور کراچی کنگز کے چھ چھ پوائنٹس ہیں پشاور زلمی پانچویں اورسابق چیمپئن ملتان سلطان چھٹے نمبر پر ہے۔ محمد رضوان 302 رنز سکور کرکے حنیف محمد کیپ جبکہ حسن علی تیرہ وکٹوں کے کے ساتھ فضل محمود کیپ کے حقدار ہیں۔ بیٹنگ میں صاحبزادہ فرحان 236 سکور کے ساتھ دوسرے اور جیمز ونس 216 سکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ باؤلنگ میں جیسن ہولڈر نے بارہ محمد عباس آفریدی اور الزاری جوزف نے بارہ بارہ کھلاڑیوں کا شکار کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں