ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ: دو پاکستانی کھلاڑیوں نے گولڈ میڈلز جیت لئے

کولمبو ( نمائندہ خصوصی)سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں جاری ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گولڈ میڈلز اپنے نام کرلئے۔ پاکستانی کھلاڑی حذیفہ ارشد اور آئینہ نوئیل نے اپنی اپنی کیٹیگریز میں گولڈ میڈلز جیتے۔

سری لنکا میں جاری ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں پاکستان کے نوجوان ایتھلیٹس نے قومی پرچم بلند کرتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کی۔ ذرائع کے مطابق، انڈر-10 کیٹیگری کے کیڈٹ انفرادی کاتا ایونٹ میں حذیفہ ارشد نے گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کو ایونٹ کا پہلا طلائی تمغہ دلایا۔

دوسرا گولڈ میڈل آئینہ نوئیل نے انڈر-12 پلس 40 کلوگرام کلاس میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنے نام کیا۔پاکستانی کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی بھی متاثرکن رہی، اب تک کے ایونٹ میں پاکستان کے کھلاڑی دو گولڈ، ایک سلور اور سات برانز میڈلز جیت چکے ہیں، جس سے پاکستانی میڈلز کی مجموعی تعداد 10 ہو چکی ہے۔

اس ایونٹ میں بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیپال اور بھوٹان سمیت جنوبی ایشیاء کے دیگر ممالک بھی حصہ لے رہے ہیں۔پاکستان کراٹے فیڈریشن اور ملک بھر میں کھیلوں کے حلقوں نے ان نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ کامیابیاں پاکستان میں مارشل آرٹس اور کراٹے کے فروغ کے لیے نئی راہیں ہموار کریں گی۔

ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کامیابی نہ صرف انفرادی محنت کا نتیجہ ہے بلکہ یہ ملک کے روشن مستقبل کی علامت بھی ہے۔ کھیلوں کے فروغ کیلئے حکومتی سرپرستی اور ادارہ جاتی تعاون کے ساتھ ایسے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ناگزیر ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں