سابق باکسنگ عالمی چیمپئن رکی ہیٹن گھر میں پھندے سے لٹکے پائے گئے:پولیس

مانچسٹر(اے ایف پی) – سابق باکسنگ ورلڈ چیمپئن رکی ہیٹن کی موت کے بارے میں تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ اپنے گھر میں پھندے سے لٹکے ہوئے پائے گئے تھے۔ برطانوی عدالت کو بتایا گیا کہ 46 سالہ رکی ہیٹن 14 ستمبر کو گریٹر مانچسٹر میں واقع اپنے گھر سے بے ہوشی کی حالت میں ملے۔

تحقیقات کے مطابق رکی ہیٹن، جو لائٹ ویلٹر ویٹ اور ویلٹر ویٹ کیٹیگری میں عالمی اعزازات حاصل کر چکے تھے، اپنی موت سے دو روز قبل تک معمول کے مطابق اہلِ خانہ سے رابطے میں تھے۔ ان کے مینیجرپال نے 14 ستمبر کو انہیں لینے کیلئے گھر پہنچ کر بے ہوش پایا، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں پھندا لگانے کو موت کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔

مانچسٹر ساؤتھ کورونر کی عدالت میں پولیس تحقیقاتی افسر ایلیسن کیٹلو مچ نے عدالت کو بتایا کہ رکی ہیٹن کی لاش ان کے گھر کے اندر پائی گئی۔افسر کے مطابق، ’’ابتدائی شواہد کے تحت موت کی وجہ پھندا لگانا ظاہر ہوتی ہے، تاہم مزید تفصیلات کیلئے تحقیقات جاری ہیں، جنہیں 20 مارچ 2026 تک ملتوی کیا گیا ہے۔‘‘

رپورٹ کے مطابق، رکی ہیٹن 12 ستمبر کو آخری بار بہتر حالت میں اپنے اہلِخانہ سے ملے تھے۔ اگلے روز وہ ایک متوقع تقریب میں شریک نہیں ہوئے، اور جب 14 ستمبر کی صبح ان کے مینیجر پال انہیں دبئی لے جانے کیلئے گھر پہنچے تو انہوں نے انہیں بے ہوش حالت میں پایا۔

“جنازہ اور خراجِ عقیدت”
گزشتہ ہفتے، ہزاروں افراد مانچسٹر کی سڑکوں پر رکی ہیٹن کی آخری رسومات میں شریک ہوئے۔ مرحوم کو ایک زندہ دل، مقبول اور پرجوش شخصیت کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔تقریب میں کھیل اور انٹرٹینمنٹ کی کئی مشہور شخصیات شریک تھیں، جن میں گلوکار لیام گیلاگر، سابق فٹبالر وین رونی، اور ہیوی ویٹ چیمپئن ٹائسن فیوری شامل تھے۔

“ذہنی صحت اور باکسنگ کیریئر”
رکی ہیٹن نے 2012 میں دوسری بار باکسنگ سے ریٹائرمنٹ لی تھی اور اس کے بعد اپنی ذہنی صحت کے مسائل پر کھل کر گفتگو کرنے والے چند کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے تھے۔2016 میں بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے اپنی شراب نوشی، منشیات کے استعمال اور خودکشی کی کوششوں کے بارے میں بتایا تھا۔

رکی ہیٹن نے 2022 میں میکسیکو کے باکسر مارکو انتونیو بیریرا کے خلاف ایک نمائشی فائٹ لڑی تھی، جب کہ جولائی 2025 میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ دسمبر میں دبئی میں ایک پروفیشنل فائٹ کیلئےرنگ میں واپس آئیں گے۔

رکی ہیٹن کا اچانک انتقال کھیلوں کی دنیا کیلئےایک بڑا صدمہ بن گیا ہے۔ باکسنگ کے شائقین اور سابق کھلاڑیوں نے انہیں ایک عظیم فائٹر اور بہادر انسان کے طور پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں