ممبئی (بھارتی میڈیا رپورٹس) سابق بھارتی کپتان محمد اظہر الدین نے ایشیا کپ کے دوران پاک بھارت میچ میں نو ہینڈ شیک پالیسی پر کھلاڑیوں کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب میچ کا بائیکاٹ نہیں کیا گیا تو پھر ہاتھ ملانے میں کسی کو مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔
محمد اظہر الدین نے بھارتی کپتان سوریا کمار یادوو پر بھی تنقید کی اور کہا کہ میچ کھیلنے کے بعد کسی قسم کے احتجاج یا ہاتھ نہ ملانے کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب جب کرکٹ کے میدان میں دونوں ٹیمیں مقابلہ کر رہی ہیں تو کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی کے ساتھ میدان میں رویے سے بھی دنیا کو مثبت پیغام دینا چاہیے۔
سابق کپتان نے کہا کہ بھارت ایک مضبوط ٹیم ہے جو گزشتہ کئی سالوں سے مسلسل اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے، اور ایشیا کپ میں بھی ٹیم پر اعتماد کے ساتھ کھیل رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرکٹ ہمیشہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی کم کرنے کا ذریعہ رہی ہے۔
اظہر الدین نے بھارتی کرکٹ بورڈ پر بھی تنقید کی اور کہا کہ اگر دو طرفہ سیریز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تو پھر آئی سی سی ایونٹس میں کھیلنے کے دوران ایسے احتجاج سمجھ سے بالاتر ہیں۔

