لاہور: (نمائندہ خصوصی) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما میاں منظور احمد وٹو انتقال کر گئے۔ وہ 95 برس کے تھے اور طویل عرصے سے علالت میں مبتلا تھے۔
ذرائع کے مطابق میاں منظور احمد وٹو کا تعلق پنجاب کے شہر حویلی لکھا سے تھا۔ وہ تین مرتبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز رہے جبکہ اسپیکر پنجاب اسمبلی اور وفاقی وزیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ ان کا سیاسی کیریئر آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے سے شروع ہوا۔
میاں منظور وٹو 1985 سے 1993 تک پاکستان مسلم لیگ، 1993 سے 1995 تک مسلم لیگ جونیجو، 1995 سے 2002 تک پاکستان مسلم لیگ جناح اور 2002 سے 2008 تک پاکستان مسلم لیگ (ق) سے وابستہ رہے۔ وہ 2008 سے 2018 تک پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل رہے، 2018 سے 2020 تک تحریک انصاف کا حصہ بنے جبکہ 2020 کے بعد دوبارہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ آج وساوے والا میں ادا کی جائے گی۔ ان کے انتقال پر سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔إِنَّا ِلِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ .

