لاہور (سپورٹس ڈیسک ) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور ویمن کرکٹ کی بانی آپا طاہرہ کے بھائی فاروق حمید انتقال کرگئے۔ فاروق حمید نے 1964 میں میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔خاندانی ذرائع نے سابق کرکٹر کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
فاروق حمید کی عمر 80 برس تھی، انہوں نے ایک ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 43 فرسٹ کلاس میچز بھی کھیلے جن میں انہوں نے 111 وکٹیں حاصل کیں۔ ممتاز اولڈ راوین فاروق حمید کرکٹ کے ساتھ ساتھ اتھلیٹکس میں بھی نمایاں مقام رکھتے تھے۔ انہوں نے 1966 کی قومی کھیلوں کے ڈسکس تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل کے علاوہ ٹرپل جمپ میں بھی سلور میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹیسٹ فاسٹ بولر فاروق حمید کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا گیا ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی پاکستان سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے صدر اقبال ہارپر، سیکریٹری محمد بابر، سابق کرکٹر افضال بٹ، پرویز سعید میر، اقبال جمیل، سابق مینجر قومی کرکٹ ٹیم اظہر زیدی، اورنگزیب برکی نے بھی فاروق حمید کے انتقال پر اظہار افسوس کیا، انہوں نے فاروق حمید مرحوم کی درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالٰی سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے آمین۔

