سانگھڑ/کراچی (نمائندہ خصوصی) —ڈان نیوز کراچی کے رپورٹر خاور حسین کی لاش سانگھڑ میں ان کی گاڑی سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق لاش حیدرآباد روڈ پر ایک نجی ہوٹل کے باہر کھڑی گاڑی سے ملی، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے اور علاقے کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی اور ہدایت دی کہ معاملے کی شفاف اور اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائیں۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ خاور حسین کا قتل صحافت اور معاشرے کے لیے بڑا سانحہ ہے، ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے بھی واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ایس ایس پی سانگھڑ کو ہدایت کی کہ ہر پہلو سے انکوائری کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔سینئر وزیر شرجیل میمن، اپوزیشن لیڈر سندھ علی خورشیدی اور دیگر رہنماؤں نے بھی خاور حسین کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور لواحقین سے تعزیت کی۔
کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ خاور حسین کی موت پراسرار ہے اور اس کی نوعیت مشکوک ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ اگر یہ خودکشی نہیں بلکہ قتل ہے تو اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں اور ذمہ داران کو سخت ترین سزا دی جائے۔

