ستاروں کی طرح رہبری کرو، دوسروں کی زندگیوں کو آگے بڑھاؤ اور بارش کی طرح نشوونما کرو، سیدنا مفضل سیف الدین

داؤدی بوہرہ برادری کے رہبر سیدنا مفضل سیف الدین نے قدرت کے استعاروں سے انسانیت کا درس دیتے ہوئے کہا ہے کہ ستاروں کی طرح رہبری کرو، جیسے کھانے میں نمک ذائقہ بڑھائے تم دوسروں کی زندگیوں کو آگے بڑھاؤ اور بارش کی طرح نشو و نما کرو۔

عشرہ مبارکہ میں قرآنی تعلیمات اور پیغمبروں کی زندگی سے حاصل معلومات کے خزانے آشکار ہوگئے۔ داؤدی بوہرہ برادری کے رہبر سیدنا مفضل سیف الدین نے نبی آخرالزماں حضرت محمدﷺ کی تین احادیث کی روشنی میں برادری، بھائی چارے اور ذاتی ترقی کے موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی۔

ان احادیث مبارکہ میں قدرت کے استعاروں سے رہنمائی لی گئی ہے: کواکب یا ستاروں کو بطور خضر یا رہنمائی کرنے والے، کھانے کا ذائقہ ابھارنے میں نمک کی حیثیت اور آسمان سے برسنے والی بارش کو نشو و نما سے تشبیہ دی گئی ہے۔

سیدنا مفضل سیف الدین نے معاشرے میں اتحاد اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کی ستاروں کی طرح رہنمائی کریں، ایک دوسرے کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں ایسے مدد کریں جیسے نمک کھانے کا ذائقہ بڑھاتا ہے اور بارش کی طرح تمام انسانیت کےلیے خیر کا باعث بنیں۔ خوشی کے لمحات ہوں یا دکھ کی گھڑی، ایک دوسرے کا سہارا بنیں۔

تاریخی واقعات کے حوالوں اور مثالوں کا ذکر کرتے ہوئے سیدنا مفضل سیف الدین نے تعلقات میں سمجھداری برتنے پر زور دیا جبکہ مادی اور روحانی توازن برقرار رکھنے کا درس دیتےہوئے کہا کہ اپنے ایمان اور اقدار پر قائم رہنے سے کامیابیاں مقدر ہوتی ہیں۔

انہوں نے بھائی چارے اور مخلص تعلقات کی بنیاد پر قائم ایسے معاشرے کی ترویج پر زور دیا جس کی تعلیمات حضور اکرمﷺ کی زندگی سے ملتی ہیں۔

سیدنا مفضل سیف الدین صدر میں واقع طاہری مسجد میں عشرہ مبارکہ کے سلسلے میں دس خطبات دیں گے۔ قرآنی تعلیمات، سیرۃ النبیﷺ اور صفاتِ اہلِ بیت سے ہدایات لیتے ہوئے روزانہ خطبات میں مختلف موضوعات پر امت کی رہنمائی کی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں