سری لنکا میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں سری لنکن صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کے نیشنل پیپلز پاور (این پی پی) اتحاد نے 141 نشستیں حاصل کر لیں۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پارلیمانی انتخابات کے لیے گزشتہ روز ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہو گیا۔
سری لنکن الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کے بائیں بازو کے اتحاد نے قبل از وقت عام انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔
سری لنکن الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ براہِ راست انتخاب میں نیشنل پیپلز پاور اتحاد 196 نشستوں میں سے 141 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے جبکہ اپوزیشن جماعت نے 35 نشستیں اور سابق صدر رانیل وکرما سنگھے کی پارٹی صرف 3 نشستیں حاصل کرسکی۔
سری لنکن الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ انورا کمارا ڈسانائیکے کے مارکسسٹ جھکاؤ رکھنے والے نیشنل پیپلز پاور اتحاد نے تقریباً 62 فیصد یا 70 لاکھ ووٹ حاصل کیے ہیں۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سری لنکا میں حکومت بنانے کے لیے 225 میں سے 113 نشستیں حاصل کرنا لازمی ہے۔225 میں سے بقیہ 29 نشستوں پر سیاسی جماعتیں متناسب نمائندگی کی بنیاد پر اپنے نمائندے نامزد کریں گی۔واضح رہے کہ سری لنکن پارلیمان کی 225 نشستوں کے لیے 8 ہزار 800 امیدواروں نے انتخابی عمل میں حصہ لیا تھا۔