آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سری لنکا کی بدترین ناکامی کے بعد کپتان ونندو ہسارنگا نے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے قیادت سے استعفیٰ دیدیا ہے۔
سری لنکن کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے گروپ اسٹیج میں کافی خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور بنگلہ دیش سے بھی ہارنے کے بعد شوپیس ایونٹ کے سپر ایٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنے میں بھی ناکام رہی تھی۔
مستعفی ہونے والے کپتان ہسارنگا نے کہا کہ انھوں نے یہ فیصلہ سری لنکا کرکٹ کے بہترین مفاد میں کیا ہے، انھوں نے ٹیم کے ساتھ اپنی وابستگی اور بطور کھلاڑی کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
استعفیٰ دیتے ہوئے انھوں نے اپنے خط میں کہا کہ ’سری لنکا کے لیے ہمیشہ ایک کھلاڑی کے طور پر میری بہترین کوششیں جاری رہیں گی، میں ہمیشہ کی طرح اپنی ٹیم اور کپتان کی حمایت کے لیے کھڑا رہوں گا۔‘
خیال رہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کو اس ماہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر بھارت کا چینلج درپیش ہے جہاں دونوں ٹیموں کے مابین ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی۔
سری لنکن کپتان ونندو ہسارنگا سے قبل ٹیم کے ہیڈ کوچ کرس سلور ووڈ بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔