ریاض/اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودیہ اور پاکستان جارح کے مقابل ہمیشہ ایک ہی صف میں رہیں گے۔ یہ بیان پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کے بعد سامنے آیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں خالد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اردو، انگریزی اور عربی میں لکھا کہ ’’سعودیہ اور پاکستان جارح کے مقابل ایک ہی صف میں ہمیشہ اور ابد تک‘‘۔
پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف نے سعودی ہم منصب کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کی تاریخ کا ایک اہم موڑ ہے، دونوں ملک دشمن کے سامنے صف آرا اور شانہ بشانہ کھڑے ہیں، انشااللہ پوری امت مسلمہ مشترکہ دشمن کے مقابل متحد ہوگی، پاکستان زندہ باد، مسلم امہ پائندہ باد‘‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب میں ریاض میں ہونے والی ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب نے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینے اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع اور تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کیلئےطے پایا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ کسی ایک ملک کیخلاف جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائیگا۔یہ معاہدہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں ایک اہم پیش رفت اور خطے میں امن و سلامتی کیلئےمشترکہ عزم کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔

