جوہر باہرو(سپورٹس ڈیسک) پاکستان کی جونیئر ہاکی ٹیم سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی اور انگلینڈ کے ہاتھوں 2-3 سے شکست کھا گئی۔
ملائیشیا کے شہر جوہر باہرو میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے ابتدا میں ہی برتری حاصل کی، جبکہ پاکستان ٹیم نے کئی مواقع ضائع کیے۔ مقررہ وقت تک انگلینڈ 3 اور پاکستان 2 گول کرنے میں کامیاب رہی۔ پاکستان کی جانب سے کپتان حنان شاہد اور سفیان خان نے ایک، ایک گول کیا۔ انگلینڈ نے برانز میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
قبل ازیں، 17 اکتوبر کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دلچسپ مقابلہ 3-3 گول سے برابر ہوا۔ میچ کے آغاز میں آسٹریلیا نے پاکستان پر دباؤ برقرار رکھتے ہوئے پہلے کوارٹر کے اختتام تک 0-2 کی برتری حاصل کی، تاہم پاکستانی جونیئر کھلاڑیوں نے کم بیک کرتے ہوئے اگلے دو کوارٹرز میں مسلسل 3 گول کیے، جس کے باعث میچ 3-3 سے برابر رہا۔
14 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کیخلاف بھی پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-3 گول سے میچ برابر کیا تھا۔

