سلمان آغا اور شاہین آفریدی نے سہ فریقی سیریز کی آمدنی سیلاب متاثرین کے نام کردی

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)قومی ٹی20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا اور فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے سہ فریقی سیریز سے حاصل ہونے والی آمدنی حالیہ سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے سہ ملکی ٹی20 سیریز کے فائنل میں افغانستان کو 75 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کیا۔ فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو 142 رنز کا ہدف دیا اور محمد نواز کی شاندار باؤلنگ کے باعث گرین شرٹس نے آسان فتح حاصل کی۔ محمد نواز نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور مین آف دی میچ کے ساتھ ساتھ مین آف دی سیریز کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے بھی دو اوورز میں سات رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

سیریز کی فتح کے بعد کپتان سلمان علی آغا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اعلان کیا کہ وہ اس ٹورنامنٹ سے حاصل ہونے والی اپنی آمدنی سیلاب متاثرین کو عطیہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی بھی ان کے ساتھ اس نیک مقصد میں شریک ہیں۔

اس سے قبل 30 اگست کو پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ایک چیریٹی نمائشی میچ منعقد ہوا تھا، جس میں پشاور زلمی نے سابق کپتان انضمام الحق کی قیادت میں ڈریم ٹیم کے خلاف مقابلہ کیا۔ اس میچ میں شاہد آفریدی، یونس خان، شعیب اختر اور وقار یونس جیسے لیجنڈری کھلاڑی شامل تھے جبکہ اسٹیڈیم شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔

واضح رہے کہ جون سے پاکستان بھر میں تباہ کن سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق اب تک ملک بھر میں 910 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ اموات خیبر پختونخوا میں ہوئیں جہاں 504 افراد جاں بحق ہوئے، ضلع بونیر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 256 ہلاکتیں ہوئیں جن میں 23 بچے بھی شامل تھے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں بھی تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے جس سے 41 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ پنجاب سے بڑھتا ہوا سیلابی ریلا اب سندھ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس ہفتے سندھ میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ اب تک ایک لاکھ 28 ہزار سے زائد افراد کو نشیبی علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں