سندھ اور خیبرپختونخوا کے گورنرز اور وزیراعلیٰ سندھ کی داﺅدی بوہرہ برادی کے عشرہ مبارکہ میں شرکت

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے داﺅدی بوہرہ برادری کے رہبر عالی مقام سیدنا مفضل سیف الدین سے طاہری مسجد کراچی میں ملاقات کی۔

حکومتی وفد نے اتوار 14 جولائی کو عشرہ مبارکہ کے آٹھویں وعظ میں شرکت کی۔ سینئر حکومتی حکام اور اہم شخصیات کا صدر کی تاریخی بوہرہ مسجد آمد پر سیدنا، ان کے اہل خانہ اور بوہرہ برادی کے ہزاروں لوگوں نے پُرجوش استقبال کیا۔

سیدنا مفضل سیف الدین نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے مختصراً عشرہ مبارکہ کے اجتماعات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے امام حسین ابن علی کی اپنے اہلبیت کے ساتھ اسلام، انصاف اور انسانیت کے اصولوں پر ڈٹ جانے اور اس کےلیے اپنی جان قربان کرنے کو نمایاں کیا۔

سیدنا نے نبی محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی حدیث پیش کی کہ تمام مخلوقات ایک ہی برادری سے ہیں جن کا دارو مدار اللّٰہ پر ہے اور اللّٰہ کو سب سے زیادہ محبت اس سے ہے جو اپنے خاندان کے لیے زیادہ مفید ہے۔

سیدنا نے وضاحت کی کہ تمام مخلوقات کا خالق ایک ہی ہے اور ہمیں ناصرف ایک دوسرے بلکہ تمام مخلوقات کے فائدے کی کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے نبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی یہ حدیث بھی پیش کی کہ اپنے وطن سے محبت ایمان کے بنیادی اجزا میں سے ایک ہے۔

سیدنا نے داﺅدی بوہرہ برادری کو تلقین کی کہ وہ ایماندار اور قانون کے پابند شہری بنیں اور اپنے ملک کو ترقی دینے والی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ سیدنا نے گورنر اور وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا کہ حکومت پاکستان نے داﺅدی بوہرہ برادری کے کراچی میں عشرہ مبارکہ کامیاب بنانے کےلیے ہر قسم کا تعاون اور مدد فراہم کی۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سیدنا مفضل سیف الدین کی کراچی آمد سندھ کےلیے باعث فخر ہے۔ ہم سیدنا اور دنیا بھر سے محرم کے اجتماعات کےلیے کراچی آنے والوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس سال عشرہ مبارکہ کےلیے کراچی کے انتخاب پر سیدنا کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا کی دعاﺅں اور برادری ارکان کی آمد سے شہر کی تجارتی سرگرمیوں پر مثبت اثر پڑا۔

عشرہ مبارکہ کے وعظ میں اعلیٰ سطح کے حکام کی آمد سے اس روحانی اجتماع کی اہمیت اور داﺅدی بوہرہ برادری کے پاکستان اور اس کے لوگوں سے تعلقات اُجاگر ہوئے۔

سیدنا کے تمام مخلوقات کا خیال رکھنے اور اپنے وطن سے محبت کے الفاظ سے برادری کے اقدار اور لوگوں کو جمع کرنے کے اس کے کردار کی عکاسی ہوئی۔ اس اہم مذہبی اجتماع میں مذہبی اور ریاستی قیادت کی ملاقات سے پاکستانی معاشرے میں باہمی احترام اور تعاون کی مستحکم روایت کا بھی اظہار ہوا۔

عاشورہ مبارکہ کے دوران بوہرہ برادری کو ناصرف رہنمائی مل رہی ہے بلکہ کراچی کے سماجی اور اقتصادی منظر نامے میں بھی مثبت کردار سامنے آیا ہے جس سے برادری کی جانب سے قومی ترقی اور مذہبی ہم آہنگی کے عزم کا اعادہ ہوا۔

اپنا تبصرہ لکھیں