سندھ حکومت کا کلچرل نائٹ میں موسیقی پروگرام منسوخ کرنے کا اعلان

کراچی(بیورورپورٹ)سندھ حکومت نے اسلام آباد میں مسجد اور امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش دھماکے کے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے کراچی میں منعقد کی جانے والی کلچرل نائٹ کا موسیقی پروگرام منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے کراچی میں کلچرل نائٹ کے موقع پر موسیقی پروگرام ترتیب دیا گیا تھا، تاہم موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر اسے منسوخ کر دیا گیا ہے۔ سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ دولتِ مشترکہ کی پارلیمانی ایسوسی ایشن کے اعزاز میں موسیقی پروگرام کے بغیر سادگی سے عشائیہ دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں واقع امام بارگاہ و مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 31 افراد شہید اور 169 سے زائد زخمی ہوئے، جبکہ پولیس حکام کے مطابق واقعہ خودکش حملے کا تھا۔