سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد برقرار رکھنےکیلئےتمام اقدامات کیے جائیں گے: وزارت خارجہ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ پاکستان کی آبی سلامتی اور معیشت کیلئےانتہائی اہمیت کا حامل ہے،ہم اس پر عمل درآمد کو برقرار رکھنے کیلئے تمام مناسب اقدامات کرینگے اب تک کسی نے ثالثی کی پیشکش نہیں کی۔

ترجمان وزارت خارجہ شفقت علی خان نے نے صحافیوں کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل نہیں کرسکتا، معاہدے میں ایسی کوئی قانونی شق موجود نہیں ہے، قومی سلامتی کمیٹی کا کل کا اعلان اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور بین الاقوامی قانون اور دوطرفہ معاہدوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے پرعزم ہے، تاہم، تالی دو نوں ہاتھوں سے بجتی ہے، بھارت کو ایسی صورتحال پیدا نہیں کرنی چاہیے جہاں ہمیں انتہائی اقدامات کرنے پر مجبور ہونا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ سرحد پار اشتعال انگیزی کی گئی تو اس کے حوالے سے قومی سلامتی کمیٹی کا بیان واضح رہے کہ ہم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئےہر ممکن اقدام کریں گے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت میں پاکستانی قیدیوں کا مسئلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ہمیں امید اور یقین ہے کہ بھارت قیدیوں کی دیکھ بھال کیلئے اپنی بین الاقوامی اور انسانی حقوق کی ذمہ داریوں کو پورا کرے گا، جو بھارتی جیلوں میں سزائیں کاٹ رہے ہیں۔

شملہ معاہدے کی منسوخی کے حوالے سے سوال ترجمان وزارت نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے بہت واضح طور پر کہا ہے کہ اگر بھارت کشیدگی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے تو ہمارے پاس ایسا کرنے کا اختیار موجود ہے۔

دوطرفہ معاہدے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کیلئے ہوتے ہیں یہ کسی ایک ملک کی جانب سے دوسرے ملک پر احسان کرنے کا سوال نہیں ہے۔ ہم اپنی تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئےپرعزم ہیں۔

گرفتار بھارتی سیکیورٹی اہلکار کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف اہلکار کی گرفتاری کے بارے میں، جب ہمارے پاس مکمل سرکاری معلومات ہوں گی تو ہم اس کی حیثیت سے آگاہ کرینگے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار کے دورہ افغانستان کے حوالے سےکہا کہ افغانستان سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں، وزیرخارجہ کے دورے میں دونوں فریقین کے درمیان مختلف اہم مفاہمتیں طے پائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تمام مسائل، مکمل دائرہ کار، دوطرفہ تعلقات کا مکمل ایجنڈا بہت دوستانہ انداز میں زیر بحث آیا، اور بعض ادارہ جاتی اور عملی اقدامات پر اتفاق کیا گیا ہے، ہم افغانستان کے ساتھ مجموعی دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے تمام ممالک کے ساتھ سفارتی چینلز موجود ہیں اور وہ فعال ہیں، ہم انہیں مسلسل آگاہ کرتے رہتے ہیں، اور اب بین الاقوامی دہشت گردی کے حوالے سے بھارتی سرگرمیاں زیادہ واضح ہو گئی ہیں، ہم بھارت کی دہشتگردانہ سرگرمیوں کو اجاگر کرتے رہیں گے اور اس چیلنج سے مضبوطی سے نمٹنے کیلئےکام کرتے رہیں گے۔

ترجمان شفقت محمود نے پاک بھارت موجودہ صورتحال میں ثالثی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ہماری اپنے دوستوں کے ساتھ بات چیت جاری ہےلیکن اب تک ثالثی کی کوئی کوشش نہیں ہوئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں