سنچورین ٹیسٹ: تیسرا دن ختم، فتح کیلئے پاکستان کو 7 وکٹیں، جنوبی افریقہ کو 121 رنز درکار

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا۔ میچ دلچسپ صورتحال اختیار کرگیا، 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہوم ٹیم نے 3 وکٹوں پر 27 رنز بنالیے جسے جیت کیلئے مزید 121 رنز درکار ہیں جبکہ قومی ٹیم فتح سے 7 وکٹیں دور ہے۔

سپر اسپورٹس پارک سنچورین میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کا تیسرا روز بارش سے متاثر رہا، جہاں کھیل کا آغاز وقت پر نہ ہوسکا تھا، تاہم بارش تھمنے کے بعد پاکستان نے 88 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔

کھیل کا آغاز ہوا تو بابر اعظم اور سعود شکیل نے نہ صرف جنوبی افریقہ کی برتری ختم کی بلکہ 4 سے زائد کی اوسط کے ساتھ رنز بنانے کا سلسلہ شروع کیا جہاں دونوں بیٹرز کے درمیان 79 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔

اس دوران بابر اعظم نے دسمبر 2022 کے بعد ٹیسٹ فارمیٹ میں پہلی نصف سنچری بنائی، لیکن وہ 50 رنز بنا کر 153 کے مجموعے پر مارکو یانسین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کے پانچویں آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد رضوان تھے جو 3 رنز بنا کر 172 کے مجموعے پر مارکو یانسین کی گیند پر ہی آؤٹ ہوئے۔ مارکو یانسین نے پاکستان کی چھٹی وکٹ بھی لی۔ انہوں نے اس مرتبہ ایک رن بنانے والے سلمان علی آغا کو میدان بدر کیا۔

تاہم وکٹ کی دوسری جانب موجود سعود شکیل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، پہلے ساتویں وکٹ پر 18 رنز بنانے والے عامر جمال کے ساتھ 34 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔

پاکستان کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نسیم شاہ تھے وہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ تاہم نویں وکٹ پر سعود اور خرم شہزاد میں 27 رنز کی پارٹنر شپ بنی۔

سعود شکیل 84 رنز بنانے کے بعد 236 کے مجموعے پر مارکو یانسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم 237 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور جنوبی افریقہ کو جیت کےلیے 148 رنز کا ہدف دیا۔ آخری آؤٹ ہونے والے بیٹر محمد عباس تھے جو اپنا کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے جبکہ خرم شہزاد 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

قومی بیٹرز کو پریشان کرنے والے جنوبی افریقی بولر مارکو یانسین تھے انہوں نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کگیسو رباڈا نے 2 جبکہ کوربن بوش اور ڈین پیٹرسن نے ایک ایک وکٹ لی۔

جنوبی افریقہ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو پاکستانی بولرز نے بھی جیت کی امید نہ چھوڑی اور ابتدائی 3 وکٹیں 19 رنز پر اڑادیں۔ ٹونی ڈی زورزی 2، ٹرسٹین اسٹبس ایک اور ریان رکیلٹن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ ایڈن مارکرم 22 اور ٹیمبا بووما بغیر کوئی رن بنائے چوتھے دن کا کھیل شروع کریں گے۔

پاکستان کی طرف سے محمد عباس نے دو جبکہ خرم شہزاد نے ایک وکٹ لی۔

جنوبی افریقہ کو سنچورین کا باکسنگ ڈے ٹیسٹ جیتنے کےلیے مزید 121 رنز درکار ہیں جبکہ پاکستان ٹیم بھی 7 وکٹیں لے کر بازی اپنے نام کرنے کی پوزیشن میں ہے۔

خیال رہے کہ قومی ٹیم نے پہلی اننگز میں 211 رنز بنائے جبکہ ہوم ٹیم نے 301 رنز کا ٹوٹل بورڈ پر سجا کر 90 رنز کی سبقت حاصل کرلی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں