ریشم کے کیڑے اور جھینگروں سمیت دیگر کیڑے مکوڑوں کی 16 اقسام کو انسانی خوراک کیلئے قابلِ استعمال قرار دے دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سنگاپور کے محکمہ خوراک نے 16 اقسام کے کیڑے مکوڑوں کو بطور غذا کھانے کی اجازت دی ہے۔
ان کیڑے مکوڑوں میں میں ریشم کے کیڑے اور جھینگر وغیرہ بھی شامل ہیں۔ فوڈ ایجنسی نے کہا ہے کہ منظور شدہ کیڑے مکوڑوں کی اقسام اور ان کی مصنوعات کی درآمد کی اجازت بھی دی جائے گی۔
فوڈ ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ کیڑے اور ان کی مصنوعات انسانی خوراک کے قابل ہیں اور وہ جانور جن کا گوشت یا دودھ استعمال کیا جاتا ہے انہیں بھی خوراک کے طور پر دیے جاسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ سال 2022 میں سنگاپور فوڈ ایجنسی نے ان کیڑوں یا ان سے بنی مصنوعات کے استعمال سے متعلق عوامی رائے لینے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔
گزشتہ سال ایجنسی نے کہا تھا کہ کیڑے مکوڑوں کی 16 اقسام کو کھانے کے قابل قرار دیا جائے گا تاہم یہ فیصلہ اس وقت مسترد کر دیا گیا تھا۔
تاہم اب فوڈ ایجنسی نے ایک ریگولیٹری فریم ورک ترتیب دیا ہے جو کیڑے مکوڑوں کی بطور خوراک منظوری کے لیے ہدایات فراہم کرتا ہے۔
واضح رہے کہ یورپی یونین سمیت آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی کوریا اور تھائی لینڈ میں بھی اس طرح کے کیڑے مکوڑوں کی مخصوص اقسام کے کھانے کی اجازت ہے۔
یہ مخصوص کیڑے خوراک میں پروٹین حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں اور غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں۔