سپریم لیڈر کا قتل تنازع اور تصادم کو مزید خطرناک بنادے گا:عباس عراقچی

تہران (عرب میڈیا)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کا قتل کسی بھی تنازع اور تصادم کو مزید خطرناک بنا دے گا۔عرب میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں عباس عراقچی نے کہا کہ کسی ملک کے رہنما کو غیرملکی فوجوں کے ہاتھوں قتل کروانا عالمی قانون کی بدترین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خامنہ ای نہ صرف ایران کے بلکہ امت مسلمہ کے مذہبی رہنما تھے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے بتایا کہ سپریم لیڈر کی شہادت کے بعد ایران کے علاوہ پاکستان اور عراق میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں۔عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ اپنے دفاع کے لیے ہماری کوئی حد یا حدود نہیں ہیں، اور ایرانی فوجی یونٹس پہلے سے طے شدہ گائیڈلائن کے مطابق آزادانہ طور پر کارروائی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ امریکا اور اسرائیل کے لیے کوئی مثبت نتیجہ نہیں دے گی اور وہ کسی بھی جنگ سے کچھ حاصل نہیں کر پائیں گے، تاہم ایران ضروری ہونے تک مزاحمت جاری رکھے گا۔