سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ پارلیمان کا بنایا ہوا قانون بنیادی حقوق کےخلاف ہے تو سپریم کورٹ کو ختم کرنے کا اختیار ہے۔
وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ پالیسی بنانا اور قانون پر عملدرآمد کرانا حکومت کا کام ہے، جمہوریت، ملکی استحکام کیلئے ضروری ہے کہ ادارے احتراز کی پالیسی بنائیں، جب کوئی آئینی ترامیم ہوتی ہیں تو ڈسکشن ہوتی ہیں۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آئینی پیکج ابھی تک منظور نہیں ہوا ہے، سی او ڈی 2006 میں ہوا اس میں بھی آئینی عدالت کی بات کی گئی تھی، حتمی فیصلہ تب ہوتا ہے جب سب لوگ آئینی ترامیم پر متفق ہوں، فیصلہ پیپلزپارٹی نے نہیں پارلیمان نے کرنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ وکلا بارز کی میٹنگ ہوئی اس میں میں نے تجویز دی کہ پیکج کو اوپن کیا جائے، وزیرقانون نے ہمیں آفیشلی آئینی ترامیم کا ڈرافٹ دیا تھا۔
وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل کا کہنا تھا کہ آئینی ترامیم کو 2 اکتوبرکوفائنل کرکے اپنی تجاویز وزیرقانون کو بھیجیں گے، میں نہیں سمجھتا منیر ملک بھی آئینی عدالت کیخلاف ہوں گے، اس وقت سپریم کورٹ تمام کیسز دیکھتی ہے۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ سپریم کورٹ کا زیادہ تر وقت سیاسی کیسز سننے میں گزر جاتا ہے، آئینی عدالت کسی سیاسی مقاصد کیلئے نہیں بنائی جارہیں۔
ہمیں ایسا آئین بنانا چاہیے جو عوام کے مستقبل اور مسائل کے حل کیلئے ہونا چاہیے، بطور قانون کا طالبعلم کہتا ہوں سپریم کورٹ عوام کے کیسز سنے گا تو بیک لاگ ختم ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ آئینی عدالت، ہائیکورٹ یا سپریم کورٹ ہو چیک اینڈ بیلنس ہونا چاہیے، پارلیمان کی کمیٹی عوامی سماعت میں ججز کی منظوری دے، میں نے پریکٹس اینڈ پروسیجر کا آرڈیننس نہیں بنایا، ہم نے بطور پاکستان بار کونسل کے ممبر تجاویز دی ہیں۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آئینی عدالت کے حق میں ہوں، ججز بھی میرٹ کی بنیاد پر لگنے چاہئیں، تمام جمہوری ممالک میں آئینی عدالتیں موجود ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہم بھی آئینی عدالتیں بنالیں گے تو کوئی آسمان نہیں گر جائیگا، ہم چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ عوام کے کیسز کو حل کرے۔