سڈنی واقعہ: آسٹریلوی حکام نے بھارتی ایجنسیز سے رابطہ کر لیا

سڈنی(ایجنسیاں)آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں آسٹریلوی حکام نے بھارتی ایجنسیز سے رابطہ کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی حکام نے تفتیش کے دوران بھارت کی متعلقہ ایجنسیز سے معلومات کے تبادلے کے لیے رابطہ کیا ہے۔ آسٹریلوی وزارتِ داخلہ کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی میں مارا جانے والا 50 سالہ ساجد اکرم 1998ء میں اسٹوڈنٹ ویزا پر آسٹریلیا آیا تھا، جس کا ویزا 2001ء میں شادی کے بعد پارٹنر ویزا میں تبدیل ہوا، جبکہ اس کا بیٹا نوید اکرم آسٹریلیا میں ہی پیدا ہوا تھا۔

ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے اس واقعے میں 10 سالہ بچی سمیت 15 افراد ہلاک ہوئے۔ واقعے کے بعد تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سڈنی کے ساحل پر حملے میں ملوث ساجد اکرم کے بھارتی ہونے کا انکشاف بھی سامنے آ چکا ہے۔ 24 سالہ حملہ آور نوید اکرم کے ساتھ کام کرنے والے ایک شخص نے بتایا کہ نوید کے والد ساجد اکرم کا تعلق بھارت سے تھا جبکہ اس کی والدہ اٹلی کی شہری ہیں۔

مذکورہ شخص کا کہنا تھا کہ وہ اس نوعیت کے حملے کا تصور بھی نہیں کر سکتے تھے، تاہم یہ بات زیرِ بحث آتی رہی تھی کہ ساجد اکرم کے پاس اسلحہ رکھنے کا لائسنس موجود تھا۔